اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ یہودی مذہبی چھٹیوں تک مؤخر کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس بات کا اظہار امریکی ٹی وی نے اپنی نشریات میں کیا ہے۔
امریکی ٹی وی کے مطابق 23 تا 30 اپریل یہودی مذہبی چھٹیوں کے سبب ایران پر حملہ مؤخر کیا جا سکتا ہے۔
امریکی ٹی وی نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اسرائیل نے رواں ہفتے 2 بار جوابی حملے کی تیاری کر کے مؤخر کی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ یکم اپریل 2024ء کو اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام کے دارالحکومت دمشق کی المزہ شاہراہ پر واقع ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر حملہ کر دیا تھا جس میں 7 ایرانی فوجی مشیر اور اہلکار شہید ہو گئے تھے۔
جواب میں 13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب ایران کی جانب سے اسرائیل پر 300 سے زائد ڈرون طیاروں، بیلسٹک اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔
اس کے بعد اقوامِ متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے اعلان کیا کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 پر مبنی ایران کی فوجی کارروائی دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر صہیونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں تھی۔