بانی پی ٹی آئی کی شبلی فراز کو خاموش رہنے کی ہدایت

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سینیٹر شبلی فراز کو خاموش رہنے کی ہدایت کردی اور شاندانہ گلزار کو ملاقات کےلیے طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی میں اختلافات کی خبروں پر شبلی فراز نے سینٹر اعظم سواتی کی موجودگی میں بانی چیئرمین سے ملاقات کی۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی چیئرمین سے ہونے والی ملاقات میں شبلی فراز پھٹ پڑے، عمران خان کو اسد قیصر اور شاندانہ گلزار کے اختلافات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سینیٹر نے بانی چیئرمین کو بتایا کہ مجھے شک کی نظر سے دیکھا جارہا ہے، مجھے پارٹی میں خرابیوں کا ذمے دار سمجھا جاتا ہے۔

اس پر عمران خان نے شبلی فراز کو خاموش رہنے کی ہدایت کی اور شاندانہ گلزار کو ملاقات کےلیے طلب کرلیا اور کہا کہ وہ شاندانہ اور باقی رہنماؤں سے بات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے دوران گفتگو کہا کہ شاندانہ گلزار، شہریار آفریدی، شیر افضل مروت جذباتی ہیں لیکن ان کی پارٹی کےلیے قربانیاں ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے ملاقات کے دوران پارٹی مسائل پر جھگڑے کے بجائے رہنماؤں کی رہائی پر جدوجہد کرنے کا کہا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سینیٹر ز سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ شکایتیں مت لگائیں، مجھے معلومات مل رہی ہیں، کون کیا کررہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کس نے قربانیاں دیں اور کون کس سے ملا ہوا ہے، شبلی فراز شکایات کے بجائے پارٹی کےلیے پارلیمان کے اندر اور باہر کام کریں۔

ذرائع کے مطابق اگلے ہفتے بانی پی ٹی آئی سے شاندانہ گلزار کی ملاقات متوقع ہے، شبلی فراز کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تفصیل سے کور کمیٹی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

Leave a Comment