اسرائیل اور حماس غزہ میں جنگ بندی کے قریب پہنچ گئے۔
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ قاہرہ مذاکرات میں غزہ جنگ بندی پر معاہدہ ہونے کا امکان ہے جس کے تحت اسرائیل کی فوج غزہ پر مزید حملے نہیں کرے گی اور فلسطینی گروپ حماس اسرائیلی مغویوں کو مرحلہ وار رہا کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل بھی فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر رضامند ہوگیا ہے۔ اسرائیلی شمالی غزہ میں فلسطینیوں کی واپسی نہیں روکے گا اور غزہ کے مصر سرحد سے متصل رفح علاقے پر حملہ نہیں کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق قاہرہ میں حماس کا وفد اور اسرائیلی حکام موجود ہیں جہاں امریکی اور مصری حکام کی سربراہی میں بات چیت کی گئی ہے۔
مصری میڈیا کے مطابق خلیل الحیا کی قیادت میں حماس کا وفد قاہرہ پہنچا ہے۔
غیرملکی میڈیا (الجدید چینل) کے مطابق حزب اللہ حماس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور مذاکرات کے نتائج کا انتظار کر رہی ہے، اگر غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پا جاتا ہے تو حزب اللہ جنوبی لبنان سے فائرنگ بند کر دے گی۔
ایک سینئر سعودی اہلکار نے کہا ہے کہ حماس جنگ کے خاتمے اور غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلاء کی امریکی ضمانتوں سے مطمئن ہے، ایسا لگتا ہے کہ حماس آج اسرائیلی تجاویز کے جواب میں ایک نظرثانی شدہ فارمولہ پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 34 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔