مجھے نہیں پتہ پاک بھارت کرکٹ کا اسٹیٹس کیا ہے، روہت شرما

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ مجھے نہیں پتہ کہ پاک بھارت کرکٹ کا اسٹیٹس کیا ہے، میں تو یہی کہوں گا کہ مجھے کرکٹ کھیلنا ہے کیونکہ میں کرکٹر ہوں۔

نئی دلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روہت شرما نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں پاکستان کی ٹیم بہت اچھی ہے، اس کے پاس نوجوان فاسٹ بولر بڑے مضبوط ہیں، ان کی بیٹنگ بہت اچھی ہے، مجموعی طور پر ایک اچھی ٹیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت میچ مختلف ہوتا ہے، ٹیموں سے بڑھ کر لوگ بہت پسند کرتے ہیں، لوگ پاک بھارت ٹیموں کو کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔

روہت شرما کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں آپ کو چیلنج کا سامنا ہوتا ہے، اسی طرح انگلینڈ میں بھی آپ کو چیلنج کیا جاتا ہے۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ پاکستان کے فینز کے پیغامات ملتے ہیں جو مجھے اچھے لگتے ہیں، پاکستان کے فینز کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں۔

Leave a Comment