ایرانی صدر کا حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر تلاش کرلیا گیا، دعویٰ

بشکریہ سوشل میڈیا
بشکریہ سوشل میڈیا

ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کا حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر تلاش کرلیا گیا ہے، ایرانی نائب صدر کے مطابق ایرانی صدر کے وفد میں شامل 2 افراد نے ریسکیو ٹیم سے رابطہ کرلیا ہے۔

ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی حالت کے بارے میں کچھ پتا نہیں چل سکا، ایرانی فوج کو ہیلی کاپٹر اور ایک فلائٹ کریو ممبر کے موبائل فون سے سگنل ملے ہیں۔

ایرانی صدر ابراہیم رئيسی کے ہمراہ وزیر خارجہ بھی موجود تھے، ریسکیو ٹیمیں حادثے کے مقام پر پہنچ گئیں، لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا، شدید دھند اور انتہائی خراب موسمی صورتحال کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا درپیش ہے۔

ایران کے آرمی چیف نے کہا ہے کہ صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر تک پہنچنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، حادثے کا علاقہ تبریز شہر سے 110 کلو میٹر دور ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان میں شدید دھند کے دوران پہاڑی علاقوں سے گزرتے ہوئے پیش آيا۔

حادثہ اس وقت پیش آيا جب ایرانی صدر مشرقی آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز شہر کی طرف جارہے تھے، ڈیم کی افتتاحی تقریب میں آذربائیجانی صدر نے بھی شرکت کی۔

صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثے کی خبر سامنے آنے پر ایرانی شہر مشہد مقدس میں بڑی تعداد میں شہری حضرت امام علی رضا کے روضہ پر جمع ہوگئے اور صدر رئیسی کی سلامتی کی دعائیں کررہے ہیں۔

Leave a Comment