گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ کامیابی سے ہم کنار ہو گیا۔

کراچی ایئر پورٹ پر عازمین حج کی سعودی عرب کی امیگریشن پر مبنی روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ 

افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور چیئرمین سعودی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز اور پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نے منصوبے کا افتتاح کیا۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ حکومت نے اس بار حج کم سے کم اخراجات میں یقینی بنایا، اس مرتبہ حج تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، حج کے تمام انتظامات کو ڈیجیٹل بنا کر حج ایپ بنائی گئی ہے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ چوہدری سالک حسین اور سیکریٹری کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سعودی وفد کو کراچی ایئر پورٹ پر دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، حکومت نے اس سال حج کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے ساتھ تجارتی معاہدے کامیابی سے تکمیل تک پہنچیں گے، ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان دورے پر سندھ میں آنے کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان میں موجود سعودی سفیر کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

کراچی ایئر پورٹ کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیا ہے: سعودی سفیر

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ اس سال کراچی ایئر پورٹ کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیا ہے۔

نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ اس سہولت سے پاکستانی عازمین کی صرف ایک بار امیگریشن ہو گی، کراچی ایئر پورٹ پر امیگریشن کے بعد عازمین کو سعودی عرب میں امیگریشن کی ضرورت نہیں ہو گی۔

سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کو پہلے ہی روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیا جا چکا ہے۔

سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کو دیگر ایئر پورٹس تک پھیلانا دیرینہ مطالبہ تھا، وزارت مذہبی امور اپنی ذمے داریاں پوری کرے گی۔

Leave a Comment