(اویس کیانی)گندم درآمد سکینڈل کی تحقیقات کرنیوالی کمیٹی کی سابق سیکرٹریز فوڈ سکیورٹی کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود اور کیپٹن ریٹائرڈ آصف سے پوچھ گچھ مکمل ہو گئی، کمیٹی نے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بھی پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت کی جانب سے گندم درآمد سکینڈل کی تحقیقات کرنیوالی کمیٹی نے کام شروع کردیا،ذرائع کے مطابق سیکرٹری کابینہ کامران علی افضل کی سربراہی میں قائم چار رکنی کمیٹی کا 6 گھنٹے سے اجلاس جاری رہا،چار رکنی انکوائری کمیٹی کو دوپہر کا کھانا بھی اجلاس کے دوران ہی فراہم کیا گیا،کمیٹی کی جانب سے سابق سیکرٹریز فوڈ سکیورٹی کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود اور کیپٹن ریٹائرڈ آصف سے پوچھ گچھ مکمل ہو گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بھی پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،سابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو کمیٹی کی جانب سے بلایا گیا مگرابھی تک حاضر نہیں ہوئے ،کمیٹی اتوار کے روز سابق نگران وفاقی وزراشمشاد اختر سے بھی اس معاملے کی انکوائری کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وفاقی کابینہ ارکان کا گندم درآمد کے معاملے پر اہم کردار ہے، ان سے انکوائری کے بغیر رپورٹ نامکمل ہوگی ،چار رکنی کمیٹی کسٹم ، کراچی پورٹ اور ایف بی آر کے متعلقہ افسران سے تفتیش مکمل کرچکی ہے،کمیٹی کا آج ہونیوالا اجلاس رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس وصولی بڑا چیلنج، خراب کارکردگی والے افسران کیخلاف کارروائی ہوگی، وزیراعظم