کسی صورت رفح پر حملہ نہ کرنے کی شرط قبول نہیں کریں گے: اسرائیلی عہدیدار

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسرائیلی عہدیدار نے امریکی خبر ایجنسی کو بیان دیا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے لیے اسرائیل کسی صورت رفح پر حملہ نہ کرنے کی شرط قبول نہیں کرے گا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق زمینی کارروائی سے پیچھے ہٹنے کو وزیراعظم نیتن یاہو اپنی حکومت کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔

دوسری جانب حماس نے کہا ہے کہ غزہ جنگ کا مکمل خاتمہ معاہدے میں شامل نہ ہوا تو اتفاق نہیں کریں گے۔

حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو غزہ جنگ بندی معاہدے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو کے لیے رفح پر حملہ کرنا شاید غزہ کی جنگ جیت لینے جیسا ہے جو نہیں ہو سکتا۔

ادھر غزہ جنگ کے خلاف ایک مرتبہ پھر ہزاروں اسرائیلیوں نے تل ابیب میں احتجاج کر کے حکومت سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مغویوں کو بحفاظت اسرائیل واپس لایا جائے۔

مظاہرین نے رفح آپریشن نہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

Leave a Comment