پاکستان تحریک انصاف نے دعوٰی کیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے صبح پانچ بج کر 52 منٹ پر ٹوئٹر پر پولیس کی گاڑیوں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعوٰی کیا کہ وہ ’فواد چوہدری کو گرفتار کر کے لے جا رہی ہیں۔‘
اس کے چند منٹ بعد فواد چوہدری کے بھائی فیصل حسین نے ٹویٹ کے ذریعے اطلاع دی کہ ’میرے بڑے بھائی سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو تھوڑی دیر پہلے بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑیوں میں نامعلوم افراد نے غیرقانونی طریقے سے گھر سے اٹھایا ہے۔ اغوا کرنے والوں نے وارنٹ دکھائے نہ ہی اپنی شناخت ظاہر کی۔‘