نشو بیگم کا اب تک شادی کی پیشکش موصول ہونے کا انکشاف

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف سینئر اداکارہ نشو بیگم نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اب تک شادی کی پیشکش ہوتی ہیں، لیکن ان کا چوتھی مرتبہ شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

گزشتہ دنوں نشو بیگم کی بیٹی و اداکارہ صاحبہ کی اپنے حقیقی والد انعام ربانی صاحب سے 42 برس ملاقات ہوئی جس کا سوشل میڈیا پر خوب چرچا رہا۔

بعدازاں نشو بیگم پر تنقید کی گئی کہ انہوں نے بیٹی کو والد سے دور رکھا، جس پر انہوں نے ویڈیو پیغام شیئر کیا اور اپنی کہانی اور اپنے تحفظات سے مداحوں کو آگاہ کیا۔

تاہم اب انہوں نے ایک اور ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیشہ سے ان کی شادیوں کا خوب چرچا رہا ہے۔ کبھی ان کا نام کسی کے ساتھ جوڑ دیا جاتا تو کبھی کسی کے ساتھ۔ جس کی وجہ سے ہر ملنے والا ان سے شادیوں کے حوالے سے سوال کرتا رہتا اور اس طرح ان کا پورا وقت ان شادیوں کی تردید یا تصدیق میں گزر جاتا۔

نشو بیگم نے اپنی حالیہ ویڈیو میں اپنی شادیوں سے متعلق کھل کر بات کی۔

سینیئر اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کبھی کسی کے ساتھ افیئر نہیں رکھا ہمیشہ شادی کو ترجیح دی ہے کیونکہ یہ ہی حلال طریقہ ہے۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں چاہنے والوں کی جانب سے اب تک شادی کے پیغامات موصول ہوتے ہیں۔

انہوں نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو انہیں اب تک پرپوز کر رہے ہیں اور کہا کہ اس طرح کی توجہ کسی بھی عمر میں اچھی لگتی ہے لیکن ان کا چوتھی مرتبہ شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور سنگل رہنے پر مطمئن ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کل کسی نے نہیں دیکھا زندگی کس موڑ پر لے جائے یہ کس کو پتا ہے لیکن فی الحال ایک بار پھر شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ سینیئر اداکارہ نشو بیگم کی پہلی شادی انعام ربانی سے 1970 میں ہوئی جو 6 برس بعد طلاق پر ختم ہوگئی۔

بعدازاں انہوں نے نغمہ نگار اور شاعر تسلیم فاضلی سے 1978 میں دوسری شادی کی جبکہ دوسرے شوہر کی وفات کے بعد انہوں نے جمال پاشا سے تیسری شادی کی تھی جو 2019 مین وفات پا چکے ہیں۔

Leave a Comment