ملک بھر میں ضمنی الیکشن کا دنگل سج گیا 21 حلقوں پر پولنگ کا آغاز

(ویب ڈیسک)  ملک بھر میں ضمنی انتخابات  کا دنگل سج گیا، قومی اسمبلی کے 5اور صوبائی اسمبلی کے 16 حلقوں میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے.

الیکشن کمیشن کے مطابق   پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ قومی اسمبلی نشستوں کیلئے پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔

پنجاب میں 40 لاکھ 44 ہزار سےزائدووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔شیخوپورہ  کے حلقہ  پی پی 139 فیروز والا میں 1لاکھ 86 ہزار ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔نون لیگ ، سنی اتحاد کونسل اور دیگر امیدوار میدان میں ہیں۔  ضلع تلہ گنگ پی پی 22 میں بھی ضمنی الیکشن کی پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ۔ پی پی 22میں آج 2لاکھ 87ہزار 567 ووٹر اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے ۔ پی پی 22میں مسلم لیگ ن کے ملک فلک شیر اعوان اور سنی اتحاد کونسل کے حکیم نثار احمد کے درمیان بڑے ٹاکرے کی توقع ہے۔ ضمنی الیکشن کیلئے 215پولنگ اسٹیشن اور 641پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ۔

آئی جی پنجاب کے مطابق  پنجاب پولیس ضمنی الیکشن کے پرامن، شفاف انعقاد کیلئے تیار ہے۔ اُن کا کہنا  ہے کہ پنجاب کے 2599 پولنگ سٹیشنز میں سے 419 اانتہائی حساس، 1081 حساس قرار دیے گئے ہیں۔663مردانہ، 649 زنانہ، 1289 جوائنٹ پولنگ سٹیشنزپر سخت سکیورٹی انتظامات ہیں۔ لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت 35 سے زائد افسران و جوان سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ سکیورٹی الرٹ ہے، لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ، کسی کو بھی الیکشن کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دیں گے، ووٹرز، پولنگ عملے، شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔

سکیورٹی کے سخت انتظامات، پولیس ، پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے دستے تعینات ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر خزانہ  کی ایس اینڈ پی گلوبل اور  فچ ریٹنگز کے نمائندوں سے ملاقات،  سٹینڈ بائی ارینجمنٹ بارے تبادلہ خیال

یاد رہے کہ  ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی، علی پور، ظفر وال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پور چٹھہ ، کوٹ چھٹہ میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔

Leave a Comment