شیر افضل مروت کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی و کور کمیٹی سے نکالنے کے بعد اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی اور سالار کاکڑ نے پی ٹی آئی سیاسی اور کور کمیٹی چھوڑ دی، اعظم سواتی اور سالار کاکڑ پی ٹی آئی کی موجودہ کور کمیٹی و سیاسی کمیٹی کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔
ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کے سیاسی و کور کمیٹی کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں، سالار کاکڑ نے کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کا واٹس ایپ گروپ لیفٹ کر دیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے نکالنے کاحکم دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کو بانی پی ٹی آئی نے بہت عزت و احترام دیا ہے، شیر افضل مروت کو بارہا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی ہدایات دیں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ شیر افضل مروت نے سعودی حکومت کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی، بانی پی ٹی آئی نے کہا سعودی حکومت کے ساتھ ذاتی تعلقات کو شیر افضل مروت نے زک پہنچائی۔