ریحانہ ڈار سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنما گرفتار

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ریحانہ ڈار سمیت پارٹی کے متعدد رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

پی ٹی آئی کی رہنما ریحانہ ڈار اور عمر ڈار کی بیوی ربا ڈار کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سےجناح ہاؤس میں شہید کارکنان کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ریحانہ ڈار اور ربا ڈار تقریب میں شرکت کےلیے گھر سے نکلیں تھیں۔

پولیس کی بھاری نفری جناح ہاؤس کے اطراف میں موجود ہے۔ 

راولپنڈی میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہریار ریاض کو گرفتار کرلیا جبکہ پی ٹی آئی شمالی پنجاب کی صدر سمابیا طاہر کو راول روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ 

دوسری جانب ریحانہ ڈار کے بیٹے عُمر ڈار نے اپنی والدہ کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔

عمر ڈار کا کہنا ہے کہ میری والدہ کے علاوہ متعدد خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ والدہ ریحانہ ڈار نے 9 مئی کو احتجاج کی کال دی تھی، صبح سے پولیس نے جناح ہاؤس سیالکوٹ کو گھیرے میں لے رکھا تھا۔

عمر ڈار نے الزام عائد کیا کہ میری والدہ کو خواجہ آصف کی ایماء پر گرفتار کیا گیا۔

ادھر ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال کا کہنا ہے کہ ریحانہ ڈار اور ربا ڈار کو حراست میں نہیں لیا گیا۔ دونوں خواتین اپنے گھر پر موجود ہیں۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی ریحانہ ڈار کا کہنا تھا کہ میں نکلی تھی، میرے ساتھ دہشت گرد والا سلوک کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ کون لوگ تھے، جنہوں نے میرے گھر پر حملہ کیا، میں جواب مانگتی ہوں۔

ریحانہ ڈار کا کہنا تھا کہ مجھے گرفتار کرلیں کسی کا ڈر نہیں۔

Leave a Comment