(24 نیوز)وزیراعظم کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس آج ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس آج صبح وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں آزاد کشمیر حکومت، وزارت داخلہ کے نما ئندے اور دیگر اہم حکام شریک ہوں گے۔اس کےعلاوہ اجلاس میں وفاقی وزیرکشمیر امور امیرمقام، وزیر توانائی، وزیر فوڈ سیکیورٹی بھی شرکت کریں گے۔
اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم کو بریفنگ دی جائےگی، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی صورتحال سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ضرورپڑھیں:ایک بار پھر تیل سستا ہونے کا امکان،کتنی قیمت گرے گی؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں آزاد کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہے کہ حکومت آزاد کشمیر اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان 2 گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات ناکام ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق حکومت آزاد کشمیر اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مابین مذاکرات کے لئے اہم بیٹھک ہوئی، حکومتی کمیٹی کے اراکین، عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندگان مذاکرات میں شریک ہوئے جبکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق، سینئر وزیر و وزیر داخلہ کرنل (ر) وقار نور اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ویڈیو لنک کے ذریعے مذاکرات میں شریک ہوئے۔