آزاد کشمیر اسٹیک ہولڈرز تحمل دکھائیں، دشمن عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں، صدر زرداری، شہباز شریف کا انوار الحق سے رابطہ

آزاد کشمیر اسٹیک ہولڈرز تحمل دکھائیں، دشمن عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں، صدر زرداری، شہباز شریف کا انوار الحق سے رابطہ

اسلام آباد (ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز تحمل کا مظاہرہ کریں، آزاد کشمیر کے مسائل بات چیت اور مشاورت سے حل کریں، سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور آزاد کشمیر کے عوام کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے، دشمن عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق سے رابطہ کرکے وہاں کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا صورتحال سے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جارہی ہے، احتجاج کے نام پر قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی، وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی صورتحال پرہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس میں آزاد کشمیر حکومت، وزارت داخلہ کے نمائندوں سمیت دیگر اہم حکام شریک ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں آصف علی زرداری سے پی پی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران کے وفد نے ملاقات کی۔ پی پی وفد نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ افسوسناک واقعات سے آگاہ کیا۔ دوران گفتگو صدر مملکت نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کی شکایات پر وزیراعظم شہباز شریف سے بات کرینگے۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور پولیس اہلکار کی افسوسناک ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ عوام کے مطالبات قانون کے مطابق پورے کیے جائیں صحت، تعلیم، سیاحت اور انفرا اسٹرکچر سمیت آزاد کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور آزاد کشمیر کے عوام کو ذمے داری سے کام لینا چاہیے۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا حل نکالنے کےلیے آزاد کشمیر کے عوام کی شکایات پر وزیراعظم پاکستان سے بات کرونگا۔ اعلامیے کے مطابق دوران ملاقات صدر مملکت نے دور دراز کے علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کی ضرورت پر زور دیا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم سے رابطہ کرکے وہاں کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں پر زور دیتا ہوں مطالبات کے حل کیلئے پرامن طریقہ کار کا سہارا لیں، انہوں نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا قطعاً برداشت نہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے افراتفری کی صورتحال میں کچھ عناصر سیاسی پوائنٹ اسکور کرنے میں جلدی کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ڈائیلاگ ، بحث ومباحثہ اور پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے، امید ہے کہ معاملہ جلد حل ہو جائیگا۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے تمام عہدیداروں کو بھی ایکشن کمیٹی کے رہنماوٴں سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پر آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس آج صبح وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حل کیلئے تجاویز پر غور ہوگا۔

Leave a Comment