پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے لیے وقاص اکرم کے نام کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی نے شیر افضل مروت کی جگہ شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین پی اے سی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیاسی کمیٹی شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کے فیصلے سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کرے گی، شیر افضل مروت کو ہٹانے کے لیے عمر ایوب اور شبلی فراز نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلایا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیاسی کمیٹی اجلاس میں شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کے لیے ووٹنگ کرائی گئی، شیر افضل مروت کے حق میں اسد قیصر، شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور ذلفی بخاری سامنے آئے جبکہ عمر ایوب اور شبلی فراز شیر افضل مروت کو ہٹانے کے لیے وقاص اکرم کا نام سامنے لائے۔
اس سے قبل بانی پی ٹی آئی شیر افضل مروت کا نام چیئرمین پی اے سی کے لیے تجویز کر چکے ہیں۔
دو روز قبل بیرسٹر گوہر علی نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت کے نام تجویز کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس حوالے سے شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ مجھے سیاسی کمیٹی اجلاس میں نہ مدعو کیا گیا نہ مشورہ ہوا۔