پیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے غیر حاضر

پنجاب اسمبلی: فوٹو فائل
پنجاب اسمبلی: فوٹو فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس سے غیر حاضر رہے، جس کے بعد حکومتی ارکان پیپلز پارٹی کے اراکین کو منانے ان کے چیمبر میں پہنچے۔

پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے  پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں بجٹ اجلاس میں علامتی طور پر شریک ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔

پی پی پی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا، پارلیمانی پارٹی کے 2 ارکان بجٹ اجلاس میں پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔

علی حیدر گیلانی نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے بجٹ پر مشاورت نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا، کاشتکاروں کے مسائل پر ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی کسی تجویز پر عمل نہیں کیا، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بھی پیپلز پارٹی کو نظر انداز کیا گیا۔

اپوزیشن ارکان نے بجٹ اجلاس میں شور شرابا کرتے ہوئے نعرے لگائے اور بجٹ کی کاپیاں پھاڑ دیں، اپوزیشن ارکان اسپیکر ڈائس کے اطراف جمع ہوگئے، اسپیکر ڈائس کے سامنے بجٹ کی کاپیاں اچھال دیں۔

وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن سے درخواست ہے اس بجٹ کو تحمل سے سنیں۔

Leave a Comment