ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کےلیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج آئندہ ماہ ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کےلیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکا اور کیریبین میں یکم جون سے 29 جون تک ہونے والے اس عالمی ایونٹ میں بابر اعظم پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان جبکہ ٹیم میں کوئی ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی شامل نہیں ہے۔

15 کھلاڑیوں میں ابرار احمد، اعظم خان، محمد عباس آفریدی، صائم ایوب اور عثمان خان کوپہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کےلیے منتخب کیا گیا ہےجبکہ محمد عامر اور عماد وسیم آخری بار 2016 اور 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے تھے، دیگر آٹھ کھلاڑیوں نے 2022 میں آسٹریلیا میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔

سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی باصلاحیت اور متوازن ٹیم ہے جس میں نوجوانوں اور تجربے کا امتزاج موجود ہے، یہ کھلاڑی کچھ عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں اور عالمی ایونٹ کے لیے اچھی طرح تیار نظر آتے ہیں۔

حارث رؤف مکمل طور پر فٹ ہیں اور نیٹ پر اچھی بولنگ کر رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ وہ آنے والے میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے کیونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دیگر بولرز کے ساتھ ان کا اہم کردار ہوگا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون سے ہوگا، پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ امریکا کے خلاف 6 جون کو کھیلے گی۔

Leave a Comment