وزیر اعظم شہباز شریف سے ریاض میں جنرل سیکریٹری سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینےکا اظہار کیا گیا۔
سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران سعودی سرمایہ کاری پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر جنرل سیکریٹری آل تویجری نے کہا کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر جنگی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا، سعودی کاروباری برادری، سرمایہ کاروں پر مشتمل اہم وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
اعلامیہ کے مطابق آل تویجری سعودی عرب کے ویژن 2030 کے انچارج بھی ہیں، انہوں نے وزیراعظم کو ویژن 2030 سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کو سعودی حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی کامیاب اصلاحاتی پالیسی کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوچکے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کے دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلیے نمایاں پیشرفت ہوئی، سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران پیشرفت پر برق رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل میں خادم الحرمین الشریفین کےلیے بےپناہ عزت و احترام ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر سعودی ولی عہد اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔