نیویارک سے کراچی تک کروڑوں پاکستانی ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست پر مایوس

نیویارک سے کراچی تک کروڑوں پاکستانی ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست پر مایوس

کراچی(عبدالماجد بھٹی)ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر توقعات پورا کرنے میں ناکام رہی اور ناقص بیٹنگ سے بولروں کی محنت رائیگاں گئی.

نیویارک سے کراچی تک کروڑوں پاکستانی ورلڈکپ میں بھارت سے شکست پر مایوس، کوئی بھی پاکستانی بیٹر ذمہ داری نہ دکھا سکا، رضوان کی وکٹ ٹرننگ آوٹ ثابت ہوئی، بھمرا بھارت کو میچ میں واپس لائے، بھارت نے شاندار کم بیک کرتے ہوئےپاکستان کو چھ رنز سے حیران کن شکست دے دی۔120رنز کے ہدفت کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم سات وکٹ پر113رنز بناسکی۔

نسیم شاہ روتےہوئے واپس آئے وہ دس رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔کم اسکور کا بھارتی بولروں نے کامیاب دفاع کرتے ہوئے پاکستان کی جیت کا خواب چکنا چور کردیا۔کوئی پاکستانی بیٹر ذمہ داری نہ دکھاسکا۔بھارت نے مسلسل دوسری فتح حاصل کی اور پاکستان لگاتار دوسرا میچ ہار گیا۔

نیو یارک میں اتوار کوٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار پاکستان اتنے چھوٹے ٹارگٹ کو بنانے میں ناکام رہا ۔

بھارت نے پاکستان کے خلاف ہارا ہوا میچ جیت میں بدل دیا۔مشکل وکٹ پر پاکستانی بیٹنگ بے بس دکھائی دی۔

بیٹنگ لائن چھوٹے ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی۔ ایک موقع پر اسکور تین وکٹ پر80رنز تھا پھر پلیئر آف دی میچ بھمرا نے بازی پلٹ دی۔جسپرت بھمرا نے14رنز دے کر3وکٹ حاصل کئے۔

جسپرت بھمرا دوسرے اسپیل کی پہلی گیند پر محمدرضوان کو بولڈ کرکے بھارت کو میچ میں واپس لے آئے۔رضوان نے44گیندوں پر31رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا یہی وکٹ ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ہاردیک پانڈیا نے24رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز کے آغاز میں محمد رضوان اور بابر اعظم کا ایک ایک کیچ ڈراپ ہوا۔پانچویں اوور میں دونوں نے ایک وکٹ پر26رنز کااضافہ کیا۔اس موقع پر بابر اعظم13رنز بناکر بھمرا کی گیند پر سلپ میں کیچ ہوئے۔

دسویں اوور میں اسکور ایک وکٹ پر57رنز تھا اگلے اوور میں عثمان خان اکسر پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے انہوں نے13رنز بنائے۔فخر زمان ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے13رنز بناکر پانڈیا کی اچانک اٹھنے والی گیند پر کیچ ہوگئے۔آخری پانچ اوورز میں 37رنز کی ضرورت تھی۔

ہاردیک پانڈیا نے شاداب خان کو چار رنز پر آوٹ کرکے مشکلات میں اضافہ کردیا۔88رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔افتخار احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور پانچ رنز بناکر کیچ آوٹ ہوگئے۔

عماد وسیم نے23گیندوں پر15رنز کی اننگز کھیلی۔بارش کے بعد آبر آلود موسم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا انتخاب کیا اور بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کوایک اوور پہلے119رنز پر آوٹ کردیا یہ ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میں بھارت کا پاکستان کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔صرف دو بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔دس میں سے9وکٹیں پاکستانی فاسٹ بولروں نے حاصل کیں۔ریشبھ پنٹ نے سب سے زیادہ 42رنز31گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے بنائے۔

نسیم شاہ 21اورحارث روف نے تین اوور ز میں21رنز دے کر تین تین وکٹ حاصل کئے۔محمد عامر نے23رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔شاہین شاہ نے ایک وکٹ 29رنز دے کر حاصل کی ایک بیٹسمین رن آوٹ ہوا۔

شاداب خان اسپیشلسٹ بیٹر کی حیثیت سے کھیلے انہوں نے کوئی اوور نہیں کرایا۔شاہین شاہ آفریدی کے پہلے اوور میں روہت شرما نے ایک چھکے کی بدولت 8 رنز بنائے۔تیسرے اوور میں شاہین کی گیند پر ایک اور چھکا مارنے کی کوشش میں روہت شرما بھی کیچ دے پویلین لوٹ گئے

 انہوں نے 13 رنز بنائے۔پنٹ اور اکسر پٹیل نے تیسری وکٹ کے لیے 39 رنز بنائے لیکن اس مرحلے پر نسیم شاہ نے قومی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے اکسرپٹیل کی 18 گیندوں پر 20 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔سوریا کمار یادیو 7 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شیوام ڈوبے 3 رنز بناکر نسیم شاہ کا تیسرا شکار بنے۔

پاکستان کےخلاف بھارت کی چھٹی اور ساتویں وکٹ 96 رنز پر گری جب محمد عامر کی مسلسل 2 گیندوں پر دو بھارتی بیٹرآؤٹ ہوئے۔ ریشبھ پنٹ کے بعد رویندرا جڈیجا صفر پر محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

 ہاردک پانڈیا 7 رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے۔ بھارت کی نویں وکٹ بھی 112 رنز پرگرگئی، جسپریت بمرا صفر پر حارث رؤف کا شکار بنے۔بھارت کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ارشدیپ سنگھ تھے جو کہ 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

Leave a Comment