منگھوپیر سے مردہ حالت میں ملنے والے بچوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی

0
20


کراچی کے علاقے منگھوپیر میں لاوارث کار سے مردہ حالت میں ملنے والے دونوں کمسن بچوں کی لاشوں کے پوسٹ مارٹم سے انہیں قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

کراچی غربی کے علاقے منگھوپیر میں نیا ناظم آباد کے قریب عمر گوٹھ کے بس اسٹاپ پرکھڑی پرانی کار سے تعفن اٹھنے پر پولیس نے شیشے توڑ کر دو بچوں کی لاشیں برآمد کی تھیں۔

4 سالہ دان شبیر اور 7 سالہ عبید سعید کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی تھیں جہاں میڈیکو لیگل آفیسر (ایم ایل او) ڈاکٹر عابد ہارون نے لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا۔

اسسٹنٹ پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر محمد سلیم کے مطابق لاشوں کی حالت کافی خراب ہونے کی وجہ سے جلد سے کوئی نشانات نہیں ملے تاہم معائنے کے دوران دونوں کے سروں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی پائی گئی ہیں۔

اسسٹنٹ پولیس سرجن کے مطابق دونوں بچوں کو سروں پر کند آلہ کے وار کر کے قتل کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔

منگھوپیر تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر گل محمد اعوان کے مطابق بچے 10 مئی سے لاپتہ تھے۔ ایک بچے کے والد کی مدعیت میں اغواء کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے پر اسی مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی جائیں گی۔

پولیس کے مطابق شبہ ہے کہ بچوں کو کسی اور مقام پر قتل کرکے لاشیں رکھ کر کار کو لاک کردیا گیا۔ 

پولیس کے مطابق جس روز بچے لاپتہ ہوئے ان کے والدین تھانے آئے تھے اور گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔

 انسپیکٹر گل اعوان کے مطابق وہ خود بچوں کے والدین کے ساتھ علاقے میں گئے، پاس کے نالے میں بھی بچوں کو تلاش کیا مگر کچھ سراغ نہیں ملا تھا۔

مقتول دانش کے والد زبیر ریتی بجری کا کام کرتے ہیں جبکہ عبید کے والد سعید کا گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کی خریدوفروخت کا کام ہے۔

ایک بچے کی لاش کار کی عقبی سیٹ پر اوندھی پڑی تھی

منگھوپیر تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر گل اعوان کے مطابق نیا ناظم آباد کے قریب عمر کالونی کے ایف 11 بس اسٹاپ پر کھڑی ایک لاوارث کار نمبر ڈی 8262 سے تعفن اٹھنے پر اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس کے مطابق کار لاک تھی جس کے شیشے توڑ کر گیٹ کھولا گیا تو دو کم عمر بچوں کی لاشیں کار میں پڑی تھیں، ایک لاش کار کی عقبی سیٹ پر اوندھی پڑی تھی جب کہ دوسری فرنٹ کی دو سیٹوں کے درمیان موجود تھی، دونوں بچوں کی عمریں 4 اور 7 سال ہیں۔





Source link

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here