ملک میں کورونا سے مزید 3 اموات، مجموعی ہلاکتیں 137 اور کیسز 7261 ہوگئے

0
26


پاکستان میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 3 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 137 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7261 تک پہنچ گئی۔

ملک میں ہونے والی 137 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ میں 47 اور خیبرپختونخوا میں 45 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 36 ، بلوچستان میں 5 ، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز جمعہ ملک میں اب تک کورونا کے مزید 243 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہے۔

آج اب تک سندھ میں 209 کیسز اور 2 ہلاکتیں، پنجاب 25 کیسز ایک ہلاکت اور  اسلام آباد سے 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

سندھ میں آج کورونا وائرس کے اب تک مزید 209 کیسز سامنے آئے اور 2 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2217 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 47 ہوگئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 5 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 581 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا وائرس کے اب تک مزید 25 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 3301 اور ہلاکتیں 36 ہوگئی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں 701 زائرین، 1262 رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کے ارکان، 91 قیدی اور 1247 عام شہری میں کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 630 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 154 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں بروز جمعہ کورونا کے مزید 28 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 333 ہوگئی ہے جب کہ 5 افراد وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے بلوچستان میں مزید کیسز کی تصدیق کی۔

بلوچستان میں کورونا کے 142 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں جمعرات کو 81 نئے کیسز اور 3 اموات سامنے آئیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 45 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 993 ہوگئی۔

صوبے میں مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 205 ہوچکی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے آج اور جمعرات کو بھی کورونا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ بدھ کو کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے تھے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعرات کو کورونا کے مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 245 ہو گئی۔

گلگت بلتستان میں اب تک 183 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد صرف 59 رہ گئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

‘پاکستان میں کورونا کے 58 فیصد کیسز ایک دوسرے سے منتقل ہوئے‘

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 58 فیصد کیسز مقامی طور پر ایک دوسرے میں منتقل ہوئے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا وائرس عالمی سازش یا ایک تلخ حقیقت

جب سے یہ وبا پھیلنا شروع ہوئی ہے تب سے ایک افواہوں کا بھونچال آیا ہوا ہے۔ ایک کہانی کے بعد دوسری کہانی گھڑی جاتی ہے۔ خاص طور پر سوشل میڈیا نے ان کہانیوں کو پختہ کردیا ہے لہٰذا آئیے ایسے ہی کچھ سازشی مفروضوں پر روشنی ڈالتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا ہلاک ہونے والے شخص کی لاش میں کتنی دیر تک زندہ رہ سکتا ہے؟

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کووڈ-19 یعنی جان لیوا کورونا وائرس متاثرہ مریض کی لاش میں چند گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کراچی میں کورونا وائرس سے بڑے پیمانے پر اموات کی خبریں غلط

کراچی میں کورونا وائرس سے بڑے پیمانے پر اموات کی خبریں غلط نکلیں، جیو نیوز کی تحقیق کے مطابق کراچی میں گزشتہ ایک ماہ میں ہونے والی تمام اموات کی وجہ کورونا نہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع

حکومت نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا کے باعث سندھ اور پنجاب میں رمضان بازار نہیں لگیں گے

کورونا وائرس کے پیش نظر پنجاب اور سندھ میں صوبائی حکومتوں نے رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں۔۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع

حکومت نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔



Source link

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here