محسن نقوی کی مسیحوں  کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے ملاقات

(24 نیوز)مسیحی برادری کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ  پاکستان کے عوام  کے لئے میرا پیغام امن کا ہے،ہم سب کو مل کر امن کے لئے کام کرنا چاہیے،فلسطین کی صورتحال پر اظہار تشویش ،کہا کہ بین المذاہب ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہی مسائل کا حل ہیں۔

ویٹی کن میں وزیر داخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے مسیحوں  کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے ملاقات کی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ویٹی کن میں پوپ فرانسس سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ فوری ڈی سیل کرنے کا حکم

پوپ فرانسس نے سانحہ جڑانوالہ کے بعدگرجا گھروں کی فوری تعمیر و مرمت کے کام کو سراہا، پوپ فرانسس نے وزیر داخلہ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام  کے لئے میرا پیغام امن کا ہے،ہم سب کو مل کر امن کے لئے کام کرنا چاہیے،وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے دورہ کی دعوت دی گئی ہے،پوری کوشش کروں گا کہ پاکستان کا دورہ کروں۔

 پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ فلسطین کی صورتحال باعث تشویش ہے اور میں روزانہ رات 7 بجے فلسطین میں فلاحی کاموں میں مصروف  ورکرز سے بات کرکے اپ ڈیٹ لیتا ہوں،بین المذاہب ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہی مسائل کا حل ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فلسطین ایشو پر موثر موقف اپنانے پر پوپ فرانسس کا شکریہ ادا کیا،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور اقدامات  سے آگاہ کیا، محسن نقوی نے کہا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں،مسلہ فلسطین کے حوالے سے آپ نے جرات مندانہ موقف اختیار کیا جسے ہر ایک نے  سراہاہے ۔ 

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے،ہمارا دین ۔ ہمارے نبی کریمﷺ. ہمارے قائد اعظم محمد علی جناح اور ہمارا آئین  بھی اقلیتوں کے تحفظ اور ان کا خیال رکھنے  پر زور دیتے ہیں،پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور افواج کی قربانیوں کی نظیر نہیں ملتی،پوپ فرانسس نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Leave a Comment