محبت کو پانے کیلئے 8 سال انتظار کیا: محمد رضوان کا انکشاف

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں اپنی پسند کی شادی کے لیے 8 سال کا طویل انتظار کرنا پڑا اور اللّٰہ سے روز مانگنا پڑا۔

محمد رضوان نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اپنی زندگی میں کافی مشکل سفر طے کرنے کے بعد حاصل کردہ محبت کی داستان سنائی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں جس لڑکی سے شادی کا خواہش مند تھا اس کے گھر والے شادی کے لیے مجھ سے اس کی شادی کرنے پر راضی نہیں تھے لیکن میں 8 سال کے لمبے انتظار اور دعاؤں کے بعد اپنی محبت پانے میں کامیاب رہا۔

کرکٹر نے بتایا کہ سب کو علم ہے کہ لَوو اسٹوری ذرا مشکل ہوتی ہے اور پھر ہمارے پٹھان گھرانوں میں تو یہ بہت ہی مشکل ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال سے میں اپنی فیملی کا پہلا بندہ ہوں جس نے محبت کی شادی کی اور پھر میرے بعد میرے بھائی نے کی۔

محمد رضوان نے کہا کہ میں زیادہ تفصیل میں نہیں جاؤں گا بس یہ کہوں گا کہ محبت کو پانے میں کافی مشکل ہوئی، مجھے 8 سال انتظار کرنا پڑا اور اللّٰہ سے روز دعاؤں میں اسے مانگنا پڑا۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے بس یہ یقین تھا کہ اللّٰہ سے جو مانگا جائے یہ ہو نہیں سکتا کہ وہ نہ ملے تو اس لیے انسان کو صرف یہ یقین ہونا چاہیے کہ اللّٰہ سے مانگی ہوئی ہر چیز ملے گی۔

Leave a Comment