ماضی کے معروف اداکار اورنگزیب لغاری آجکل کیا کر رہے ہیں؟

---فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار اورنگزیب لغاری نے شوبز میں کام نہ ملنے کی صورت میں فرنیچر کا کاروبار شروع کر دیا ہے۔

سرکاری ٹی وی کے لیجنڈ اداکار اورنگزیب لغاری کے حال ہی میں دیے گئے متعدد انٹرویوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں اُنہیں کام نہ ملنے کا شکوہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکار کا بتانا ہے کہ چونکہ شوبز انڈسٹری 70 سے 80 فیصد لاہور سے کراچی منتقل ہو گئی ہے اسی لیے اُن کے پاس کام کے مواقع بہت کم ہیں۔

اورنگزیب لغاری کا کہنا ہے کہ وہ بھی کام کے سلسلے میں کراچی میں منتقل ہوئے تھے مگر وہاں اُنہیں کام سے متعلق خاص مواقع میسر نہیں آئے اسی لیے وہ دوبارہ لاہور شفٹ ہو گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نہ اب اُنہیں ڈراموں کی آفر ہوتی ہے اور نہ ہی کام ملتا ہے، اس فیلڈ کو اب ہماری ضرورت نہیں رہی۔

اداکار نے بتایا ہے کہ اُن کا گزارا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا تھا، پہلے تو وہ زمین بیچ کر گزارا کرتے رہے مگر کیوں کہ اب آنے والا وقت مزید کڑا معلوم ہو رہا ہے اسی لیے انہوں نے فرنیچر کا کاروبار کرنے کا ارادہ کیا ہے۔

اورنگزیب لغاری کا انٹرویو میں کہنا ہے کہ دعا کریں کہ اُن کا کام چل پڑے اور پیٹ زیادہ دیر تکلیف میں نہ رہے۔

Leave a Comment