لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کی وجہ سے شہر میں تمام مارکیٹوں اور ریستورانوں کو رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ جمعے کو کھلنے والے سکولوں کو سیل کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
بدھ کو سموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت جسٹس شاہد کریم فاروق کی عدالت میں ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ جمعے، سنیچر اور اتوار کو مارکیٹس اور ریستوران رات 11 بند کیے جائیں۔
اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ سموگ کے تدارک کے حوالے سے عدالت نے پہلے جو احکامات جاری کیے تھے۔ ان پر عملدرآمد کی بدولت صورت حال میں بہتری آئی ہے۔
محکمہ ایجوکیشن سے احکامات پر سختی عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ جو سکول جمعے کو کھلیں ان کو سیل کر دیا جائے۔
عدالت نے متعلقہ حکام سے کہا کہ ہدایات پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ بھی کی جائے۔