مخصوص نشستوں پر اراکین کی معطلی سے قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کھٹائی میں پڑ گئی، جبکہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کی وجہ سے پارٹی پوزیشن تبدیل ہوگئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جو اراکین قائمہ کمیٹیوں میں شامل ہو سکتے تھے وہ معطل ہوگئے، قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور ممبران سےمتعلق اب دوبارہ غور ہوگا۔
چیئرمین شپ اور اراکین کی شمولیت سے متعلق فارمولا دوبارہ طے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے اضافی مخصوص نشستوں پر 77 ارکان کی رکینت معطل کر دی، قومی اسمبلی سے اضافی مخصوص نشستوں پر 22 منتخب ارکان معطل کیے گئے ہیں، جن میں 19 خواتین اور 3 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی سے اضافی مخصوص نشستوں پر منتخب 25 ارکان معطل کیے گئے، معطل ہونے والوں میں21 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔
پنجاب اسمبلی سے 27 ارکان معطل ہوئے، جن میں 24 خواتین اور 3 اقلیتی رکن شامل ہیں، سندھ اسمبلی سے مخصوص نشستوں پر منتخب 3 ارکان معطل کیے گئے، 2 خواتین اور 1 اقلیتی رکن شامل معطل ہونے والوں میں شامل ہیں۔