فوری پیسے نہ ملے تو ردعمل کیلئے وفاق تیار رہے، علی امین گنڈاپور

فوری پیسے نہ ملے تو ردعمل کیلئے وفاق تیار رہے، علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ فوری پیسے نہ ملے تو ردعمل کےلیے وفاق تیار رہے۔

صوبائی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمارا بجٹ عوامی ہے، صوبائی بجٹ پہلے اس لیے پیش کیا کہ آئین نے اجازت دی ہے اور ہم تیار تھے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ کے بعد ہمارے بجٹ میں کوئی چیز کم نہیں ہوگی بلکہ ہمارا بجٹ تو بڑھے گا، رواں سال بجٹ تجاویز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے استفسار کیا کہ مہنگائی کرنے کے بعد پیسا جا کہاں رہا ہے؟ سابقہ فاٹا کے لوگ سوال کرتے ہیں، میں کیا کہوں کہ پیسےکون کھارہا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام ابھی تک قربانی دے رہے ہیں، سابقہ فاٹا کے لوگ ہم سے گلہ کرتے ہیں، کیا ان کو جواب نہیں دینا۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ سابقہ فاٹا کو اب تک 500 ارب میں سے 100 ارب روپے ملے، ہم پوچھتے ہیں کہ پیسا کہاں استعمال ہوا تو وہ کہتےہیں کہ یہ غیرذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بتایا جائے امن و امان کیسے بحال ہوگا؟ انسداد دہشت گردی کےلیے مختص 1 فیصد میں سے ایک پیسا نہیں دیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ بتایا جائے کہ پیسے نہیں دیں گے تو امن و امان کیسے قائم ہوگا؟ فوری طور پر پیسے نہ ملے تو ردعمل کےلیے وفاق تیار رہے۔

اسمبلی اجلاس کے دوران بٹ گرام سے منتخب رکن اسمبلی ریاض خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف قرار داد منظور کی گئی۔

اپوزیشن ایم پی اے انجینئر سجاد کی پیش کردہ قرار داد میں قاتلانہ حملے کے ذمے داروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔

اس موقع پر اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے کہا کہ ریاض خان پر فائرنگ کے ذمے داروں تک پہنچ چکے ہیں، انہیں جلد ہی گرفتار کیا جائے گا۔

Leave a Comment