فخر پاکستان ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے ایئر پورٹ پر والہانہ استقبال

(24 نیوز )پاکستان کا فخر اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم  پاکستان پہنچ گئے ، لاہور ائیر پورٹ پر حکومت اور شہریوں کی جانب سے فقید المثال استقبال نے  سماں باندھ دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی ہیرو ارشد ندیم ٹرکش ائیر لائن کی پرواز ٹی کے 714 کے ذریعے لاہور پہنچے، طیارے کو لینڈنگ پر واٹر کینن سلیوٹ پیش کیا گیا ،حکومتی نمائندوں اور شہریوں کی کثیر تعداد  نے انہیں پاکستان زندہ باد اور ارشد ندیم زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے استقبال کیا ، فخر پاکستان کے استقبال کیلئے 60 فٹ لمبا اور 20فٹ چوڑا قومی پرچم بھی تیار کیا گیا ، پنجاب پولیس کے بینڈ  نے ارشد ندیم کو سلامی پیش کی ۔ 

قومی ہیرو کے استقبال کیلئے لاہور ایئر پورٹ پر شہریوں کے رش کو  سنبھالنے کیلئے کمانڈوز بھی تعینات کیے گئے ،حکومتی نمائندوں میں سعد رفیق ، عظمیٰ بخاری ، فیصل ایوب کھوکھر ، احسن اقبال،وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوانان رانا مشہود ، پیپلز پارٹی رہنما  حسن مرتضیٰ ،ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیزادہ اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے ارشد ندیم کا استقبال کیا ،ارشد ندیم کے والدین بھی میاں چنوں سے لاہور پہنچے جہاں حکومت کی جانب سے انہیں پہلے قیام و طعام کرایا گیا اور آرام کرنے کے بعد وہ ائیر پورٹ پہنچے ، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہیرو ارشد ندیم کو والدین  کے ہمراہ حکومتی مہمان بننے کی پیشکش کی گئی ہے اب ان کی مرضی ہے کہ وہ رکنا چاہیں یا وہ آبائی شہر میاں چنوں جانا چاہیں ۔

صدر اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان بریگیڈیئر(ر) وجاہت حسین ساہی ،اتھلیٹکس کوچ اصغر گل ، رانا سجاد ، شفاقت علی بلا، عرفان علی سلہری ،محمد رفیق ، جائنٹ سیکرٹری پاکستان اتھلیٹکس حسنین سید ،ارشد ندیم کے پہلے کوچ فیاض بخاری ، ساتھی اتھلیٹ یاسر سلطان ،چیئرمین ساوتھ ایشین اتھلیٹکس میجر جنرل(ر) محمد اکرم ساہی  اور ارشد ندیم کے اہلخانہ  بھی ان کے استقبال کیلئے ایئر پورٹ پر موجود تھے جن میں ان کے بھائی ، والدین اور کمسن بیٹی   بھی شامل ہے ۔

Leave a Comment