غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئےاسپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ

(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے  اسلام آباد میں غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے اسپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے  ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر و مقامات کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دے دیا۔

وزیر داخلہ نے ایف آئی آر کے اندراج کو 100 فیصد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا یا تاخیر کسی طور قبول نہیں، ایف آئی آر درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز کو بھی فوری نمٹانے کا حکم دیا اور کہا کہ ترقی ملازم کا حق ہے جو اسے وقت پر ملنی چاہیے، پروموشن سے پولیس فورس کے مورال میں بہتری آئے گی۔

 وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس میں تمام خالی اسامیوں پر بھرتی کی ہدایت دی اور کہا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: بھکاری مافیا اور منشیات گینگز کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، محسن نقوی

علاوہ ازیں اسلام آباد میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے جامع پلان طلب کیا گیا اور ٹریفک زیادہ جام رہنے والے مقامات کی نشاندہی کر کے قابل عمل حل تجویز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سیف سٹی کا نظام لاہور سیف سٹی کی  طرح جدید تقاضوں سے لیس کرنا ہوگا، اسلام آباد میں تھانوں کی حالت بہتر کر رہے ہیں چند مہینوں میں اچھے نتائج ملیں گے۔

Leave a Comment