کراچی (نیوز ڈیسک)غزہ کے الشفا اسپتال کے سامنے سے ایک ہفتے میں دوسری اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے.
عرب میڈیا کے مطابق اجتماعی قبر سے ہاتھ پاؤں بندھی اور تشدد زدہ 30 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، رفح سمیت مختلف علاقوں پر بمباری میں مزید درجنوں افراد شہید ہوگئے، رفح پر بمباری میں 5بچوں سمیت 11فلسطینی شہید ہوگئے.
غزہ میں جاری صیہونی جارحیت کے جواب میں القدس بریگیڈ نے اسرائیل کے شہروں عسقلان ، سیدورت اورغزہ کے قریبی مقبوضہ علاقوں میں غیر قانونی یہودی آبادیوں پر راکٹ حملے کئے ہیں .
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق، دو توپ شکن راکٹ شمالی اسرائیل کے علاقے کیبٹز میں داغے گئے ہیں، جس سے ایک عمارت کو نقصان پہنچا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کی مستقل رکنیت پر ووٹنگ آج ہوگی ،سلامتی کونسل کے اجلاس میں روس نے فلسطین کو مستقل رکنیت دینے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے .
چین نے کہا کہ اسرائیل کو رفح پر حملے کا کوئی منصوبہ ترک کر دینا چاہیے ، اقوا م متحدہ میں چینی سفیر زاہنگ جن نے کہا کہ اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک کو جنگ بندی کے لئے “ٹھوس کوششیں” کرنی چاہئیں۔
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللحیان نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا ہے کہ اگر اسرائیل کو ایران کے خلاف کسی بھی ایڈونچر کرنے سے روکا جانا چاہئے، اگر ایران یا اس کے مفادات پر حملہ کیا گیا تو ہم بھرپور جواب دینے میں نہیں ہچکچائیں گے۔