عمر ایوب اور شبلی فراز نے مجھے بانیٔ پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیا: شیر افضل مروت

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت—فائل فوٹو
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت—فائل فوٹو

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت آج بھی بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کر سکے۔

اس حوالے سے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ عمر ایوب اور شبلی فراز نے مجھے بانیٔ پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں رکاوٹ جیل حکام ڈال سکتے ہیں، جو اوپر ہوتے ہیں وہ بھی رکاوٹ ڈال سکتے ہیں، میں بانیٔ پی ٹی آئی کے لیے نکلا تھا، آزادی کے لیے نکلا تھا۔

شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میں جس ایجنڈے کے لیے نکلا تھا وہ ایجنڈا آج ختم ہو گیا، ہر معاملے پر بانیٔ پی ٹی آئی کو گمراہ کیا گیا، یہ لوگ آئیں اور قیادت کریں، میں ان کی پیروی کروں گا۔

ادھر پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت سے آج بھی ملنے سے انکار کر دیا ہے، گزشتہ روز بھی بانیٔ پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت سے ملنے سے انکار کیا تھا۔

شیر افضل مروت آج بھی ملاقات کے لیے جیل پہنچے تھے، ملاقات نہ ہونے پر انہوں نے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات میں رکاوٹ کا الزام شبلی فراز اور عمر ایوب پر لگا دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بانیٔ تحریک انصاف نے پارٹی رہنماء شیر افضل مروت سے ناراضی کے باعث جیل میں ملاقات سے انکار کر دیا تھا۔

اس پر شیر افضل مروت نے ملاقات سے انکار کی خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملاقاتیوں کی فہرست میں میرا نام نہیں تھا، البتہ بانیٔ پی ٹی آئی سے آج 8 مئی کو ملاقات طے ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شیر افضل مروت اڈیالہ جیل کے اندر کانفرنس روم کے ساتھ والے روم میں پہنچے تھے، بانیٔ پی ٹی آئی کو لسٹ دی گئی جنہوں نے شیر افضل مروت سے ملاقات سے انکار کر دیا تھا۔

شیر افضل مروت گزشتہ روز بھی بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کیے بغیر ہی واپس چلے گئے تھے۔

Leave a Comment