عمران کے خلاف ٹیریان کیس ایک سال بعد سماعت کیلئے مقرر

عمران کے خلاف ٹیریان کیس ایک سال بعد سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ( ایجنسیاں ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف ٹیریان کیس ایک سال بعد سماعت کے لیے مقرر کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹیریان کیس کی سماعت کے لیے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں نیا لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے جبکہ جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز بھی بینچ کا حصہ ہوں گے، لارجر بینچ 21 مئی کو سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا تھا جس کا جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر بھی حصہ تھے۔

جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب طاہر نے چیف جسٹس سے مشاورت کے بغیر اپنی رائے کوفیصلہ قراردے کراپ لوڈ کرایا تھا جس میں دونوں ججوں نے ٹیریان کیس کو ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔

تاہم چیف جسٹس کے دستخط سے فیصلہ جاری نہ ہونے کے باعث معاملے کی انکوائری کا آرڈرکیا گیا تھا اور چیف جسٹس آفس نے دو ججوں کا فیصلہ ویب سائٹ سے ہٹا کر پریس ریلیز میں نیا بنچ تشکیل دینے کا کہا تھا۔

خیال رہے کہ عمران خان پر مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے کا الزام ہے، شہری محمد ساجد محمود نے عمران خان کو نااہل کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔

Leave a Comment