Saturday, March 2, 2024
Online Free Business listing Directory to Grow your Sales
HomeLatest Breaking newsعمران خان کے طیارے کی نور خان ایئربیس پر لینڈنگ

عمران خان کے طیارے کی نور خان ایئربیس پر لینڈنگ


(24 نیوز) تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کے لیے پارٹی چیئرمین عمران خان کا طیارہ نور خان ایئربیس پر لینڈنگ کرگیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی لاہور زمان پارک سے جلسے کے لیے راولپنڈی آمد کے معاملے میں عمران خان کا خصوصی طیارہ نور خان ائیربیس پر اترچکا ہے۔ لاہور سے طیارے نے 2.10 منٹ پر ٹیک آف کیا تھا۔ عمران خان کے ساتھ ان کے بھتیجے احمد خان نیازی اور سینیٹر فیصل خان نیازی بھی ایئربیس پہنچے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئربیس پر ہیلی کاپٹر بھی موجود ہے، عمران خان اب نور خان ائیربیس پہنچنے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے لیے بارانی یونیورسٹی میں ہیلی پیڈ بھی بنایا گیا ہے، ائیربیس پر متبادل کے طور پر عمران خان کے لیے بلٹ پروف وہیکل بھی تیار رکھی گئی ہے۔

نور خان بیس سے عمران خان پیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ کے لیے چلے گئے۔ عمران خان کا ہیلی کاپٹر بارانی یونیورسٹی کے ہیلی پیڈ پرلینڈ کرے گا اور یونیورسٹی سے عمران خان بلٹ پروف گاڑی کے ذریعے پنڈال پہنچیں گے۔

لاہور پولیس نے عمران خان کو بلٹ پروف جیکٹ اور بلٹ پروف روسٹرم استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔ لاہور پولیس نے پی ٹی آئی قیادت کو تحریری طور پر سکیورٹی ہدایات سے آگاہ کر دیا۔ لاہور پولیس نے ہدایات تحریری طور پر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کے حوالے کر دیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ وی آئی پی کی سیکورٹی کے لئے ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، عمران خان بلٹ پروف جیکٹ بھی لازماً استعمال کریں۔ کسی عوامی مقام پر عمران خان گاڑی سے باہر نہ نکلیں، روایت کے برعکس عمران خان کی نقل و حرکت کو خفیہ رکھا جائے، مجوزہ گاڑی، پیدل روٹ کے علاوہ راستہ استعمال نہ کیا جائے، وی آئی پی سیکورٹی افسر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ میں رہ کر نقل و حرکت کریں۔ وی آئی پی کی گاڑی کی پارکنگ الگ اور مخصوص ہوگی۔

ذرائع کے مطابق سٹیج پر شرکاء کی فہرست پہلے سے انتظامیہ کو فراہم کی جائے، فہرست کے علاؤہ کوئی بھی سٹیج پر نہیں جا سکے گا، سٹیج پر نقل و حرکت محدود رکھی جائے، جلسہ گاہ، مارچ میں کوئی مسلح پرائیویٹ گارڈ، گن مین نہیں ہوگا، عمران خان کسی مقام پر عوام سے ملاقات نہیں کریں گے۔ تمام شرکاء مجوزہ مقام سے مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخل ہو سکیں گے۔ ڈرون کیمرہ کے استعمال، آتش بازی پر مکمل پابندی ہوگی۔ خواتین کے لئے الگ اور مناسب جگہ مختص کی جائے۔ کارکنوں کو کسی عمارت کی چھت پر چڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ کی وجہ سے مری روڈ مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند ہے۔ فیض آباد بس سٹینڈ بھی مکمل طورپر بند رہے گا۔ روات ٹی کراس سے ٹریفک اسلام آباد میں داخل ہو سکتی ہے، روات ٹی چوک سے اسلام کی صرف ایک سائیڈ کھلی ہے۔

اسلام آباد ایکسپریس وے سے راولپنڈی کے لیے پرانی ایئرپورٹ روڈ استعمال کریں۔ ایکسپریس وے سے پرانے ایئرپورٹ کی شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کھلی ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر کورال سٹاپ پر بند ہے۔ اسلام آباد ہائی وے کے لیے فیض آباد پل نیچے سے کھلا ہے۔

راول ڈیم سے آنے والی ٹریفک کے لیے فیض آباد پل اوپر سے بند ہے۔ فیض آباد مری روڈ راولپنڈی کے داخلی راستے سے بند ہے۔ آئی جے پی روڈ، مری روڈ اور راولپنڈی کے لیے فیض آباد کے تمام راستے بند ہیں۔ نائنتھ ایونیو فیض آباد، آئے جے پی کی طرف سے بند کر دی گئی ہے۔

چھبیس نمبر چونگی سے ٹریفک کے لیے شاہراہیں کھلی ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ اور موٹر وے ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ مری روڈ راولپنڈی کی طرف ٹریفک کے دونوں اطراف کے لیے فیض آباد میں متبادل روٹ ہے۔ متبادل طور پر ٹریفک کو اسلام آباد ایکسپریس وے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ ایکسپریس چوک اور نادرا چوک سے ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستے بند ہیں۔

ریڈ زون جانے کے لیے مارگلہ روڈ اور ایوب چوک کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سرینا چوک سے ریڈ زون داخلہ کے لیے یکطرفہ روڈ کھلا ہے۔ فیض آباد بس ٹرمینل ٹریفک کے لیے بند ہے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے فیض آباد اور زیرو پوائنٹ پر کنٹینرز پہنچا دئیے۔ جہاں انہوں نے زیرو پوائنٹ اور فیض آباد کو جزوی طور پر بند کر دیا۔

حکام کے مطابق فیض آباد اور زیرو پوائنٹ کو مری روڈ سے اسلام آباد داخلے کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔ کشمیر چوک سے ریڈ زون، شہر کی جانب داخلے کو بھی جزوی طور پر بند کریں گے۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کے سبب شہر کے ریڈ زون کو سیل کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد کے لیے 26 نمبر پوائنٹ اور کورال چوک سے داخلے کو بھی جزوی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، موجودہ صورتحال کے پیش نظر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے راولپنڈی اور اسلام آباد میں آج ہونیوالے پیپرملتوی کر دیئے گئے، سمسٹر بہار کے آج ہونے والے پرچے نہیں ہوں گے۔ انتطامیہ کے مطابق ملتوی ہونے والے پیپر 14 دسمبر کو لئے جائیں گے۔





Source link

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments