عازمینِ حج پری انسٹال موبائل سم کے ساتھ سعودیہ جائینگے: سیکریٹری مذہبی امور

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حج کوٹہ رواں برس بھی پوری طرح استعمال نہیں کر سکیں گے، کوشش کریں گے کہ آئندہ برس پورا حج کوٹہ استعمال کریں ورنہ یہ کم بھی ہو سکتا ہے۔

اسلام آباد میں سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 69 ہزار پاکستانی سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت عازمین کی تعداد جلد سامنے آ جائے گی، اس بار 40 روز کے ساتھ 20 سے 25 روز کا بھی حج متعارف کرایا  ہے، حج ایپ کی سہولت فراہم کی ہے، فلائٹ شیڈول اور دیگر ضروری معلومات موجود ہیں۔

سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن نے کہا کہ اس بار عازمین پاکستان سے پری انسٹال موبائل سم کے ساتھ سعودی عرب جائیں گے، اس سم سے وہ واٹس ایپ پر پاکستان کال کر سکیں گے، عازمینِ حج کو خصوصی فیچر والے بیگ بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خدام الحجاج کے انتخاب کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سروس کی خدمات لی جا رہی ہیں، مدینہ منورہ میں مناسب کرائے پر بہترین اور قریبی مقامات پر عمارتیں حاصل کی ہیں، ادویات اور ویکسین کی خریداری میں 15 کروڑ روپے کی بچت کی ہے۔

سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن نے مزید کہا کہ اس برس روڈ ٹو مکہ کی سہولت کراچی ایئر پورٹ پر بھی دستیاب ہو گی، اس برس ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا بھی این ٹی ایس کے ذریعے انتخاب ہو گا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ منیٰ سے سرکاری حج اسکیم کے تحت تمام پاکستانی عازمین کو ٹرین کی سہولت ملے گی، عازمین کو راستے سے بھٹکنے سے بچانے کے لیے حج ایپ سے مدد فراہم ہو گی، حج ایپ میں ایک بٹن دبانے سے گم حاجی کی رہائش گاہ تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

Leave a Comment