صدف کے آنے کے بعد ہی زندگی میں اسٹائل آیا ہے: شہروز سبزواری

--- فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی اداکار شہروز سبزواری نے اپنی اسٹائلنگ کا کریڈٹ اپنی دوسری اور موجودہ اہلیہ صدف کنول کو دے دیا۔

حال ہی میں نجی چینل کی جانب سے ایوارڈز کی تقریب منعقد کی گئی جس میں اداکار کو بہترین اسٹائل ہیرو آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا گیا۔

ایوارڈ شو کے بعد انہوں نے یوٹیوبر سے بات چیت کرتے ہوئے اس اعزاز کا کریڈٹ اپنی دوسری اہلیہ صدف کنول کو دے دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں یوٹیوبر نے صدف کنول سے سوال کیا کہ ’کیا شہروز سبزواری کو اسٹائل ہیرو آف دی ایئر کے لیے نامزد کیا گیا تو کیا حیران ہوئیں یا انہیں اندازہ تھا کہ انہیں ہی منتخب کیا جائے گا؟

اداکارہ و ماڈل نے جواب دیا کہ میں حیران نہیں تھی، مجھے امید تھی کہ انہیں ہی ایوارڈ ملے گا، میں بہت خوش ہوں۔

اسی اثناء میں اداکار نے اپنی جیت کا سہرا اہلیہ کے سر سجاتے ہوئے کہا زندگی میں ان کے آنے کے بعد ہی اسٹائل آیا ہے، اسٹائلش اداکار کے لیے نامزد ہونے کا کریڈٹ انہیں جاتا ہے، انہوں نے ہی انہیں اسٹائل کرانا سکھایا۔

شہروز سبزواری نے مزید کہا کہ وہ کبھی بھی اسٹائلش نہیں رہے ہیں، چاہیں تو ان کی ماضی کی تصاویر گوگل پر سرچ کرلیں۔ جب سے ان کی زندگی میں صدف کنول آئی ہیں تب سے انہوں نے اسٹائل کرنا سیکھا ہے۔

اس موقع پر اداکارہ و ماڈل صدف کنول بار بار اپنے شوہر و اداکار کو خاموش کرواتی ہوئی نظر آئیں، انہیں اشارے کرتی رہیں اور مختصر ویڈیو کلپ کے اختتام پر انہوں نے بات کو سنبھالتے ہوئے کہا کہ اسٹائل کپڑوں سے نہیں بلکہ انسان کی شخصیت سے آتا ہے۔

خیال رہے کہ صدف کنول اور شہروز سبزواری مئی 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کی ایک بیٹی زہرہ سبزواری ہے جس کی پیدائش اگست 2022 میں ہوئی۔

اس سے قبل شہروز سبزواری اداکارہ سائرہ یوسف کے ہمراہ شادی کے بندھن میں بندھے ہوئے تھے، ان کی شادی 2012 میں ہوئی تھی جو 2020 میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی ان کی بھی ایک بیٹی نورے سبزواری ہے جس کی پیدائش 2014 میں ہوئی۔

Leave a Comment