(احمد منصور)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران وادی تیرا میں 12 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کی وادی تیرا میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر 20 اگست سے آپریشن جاری ہے،آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 28 اور 29 اگست کو سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الخوارج کے 12 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا، کارروائیوں کے نتیجے میں فتنہ الخوارج اور اس سے وابستہ تنظیموں کو بڑا دھچکا لگا ہے اور اب تک 37 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا جبکہ 14 دہشت گرد شدید زخمی بھی ہو چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کامزید کہنا تھا کہ کارروائیاں علاقے میں امن کی بحالی اور خوارج کے خاتمے تک جاری رہیں گی، پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشتگردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
کامیاب انٹیلیجنس آپریشن پر صدر مملکت آصف علی زرداری نےضلع خیبر وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،صدر مملکت کی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اوردہشتگردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا ، صدر مملکت نے کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھیں گے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مبینہ پولیس مقابلے میں جڑواں بچوں کی حاملہ خاتون کی ہلاکت کا انکشاف