سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور کی زمین بیچ کر الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے نسلہ ٹاور کی زمین بیچ کر الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بینچ نے کی۔

متاثرین کے وکیل ایڈووکیٹ شہاب سرکی نے عدالت کو بتایا کہ نسلہ ٹاور کے بلڈر کا انتقال ہو چکا، متاثرین کو تاحال معاوضہ نہیں ملا، عدالت نے 44 متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ نسلہ ٹاور کے متاثرین ملکیت کے دستاویزی شواہد کے ساتھ آفیشل اسائنی سے رابطہ کریں۔

عدالت نے نسلہ ٹاور کے پلاٹ کی مارکیٹ ویلیو سے متعلق بھی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرنے کا اشتہار شائع کرانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ نیلامی میں آنے والی بولی کی بھی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کمشنر نے زمین تحویل میں لے کر رپورٹ جمع کرا دی تھی۔

متاثرین کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ پلاٹ فروخت کر کے متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جائے، نسلہ ٹاور سے ملحقہ 240 گز کا پلاٹ بھی فروخت کر کے متاثرین کو رقم دی جائے۔

عدالت نے سندھی مسلم کوآپریٹیو سوسائٹی کو نوٹس جاری کر دیے اور نسلہ ٹاور سے ملحقہ پلاٹ سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

عدالتِ عظمیٰ نے نسلہ ٹاور کے مرحوم بلڈر کے ورثاء کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

Leave a Comment