سانحہ 9مئی کے پی کے حکومت نے ابتک کا بڑا قدم اٹھا لیا

(عامر شہزاد)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت کابینہ نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ  علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس ہوا،کابینہ نے ڈی آئی خان کی سب ڈویژن کلاچی میں پولیس کیلئے565 آسامیوں کی تخلیق کی منظوری بھی دی،نئی آسامیوں میں 5 سب انسپکٹرز، 10 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 50 ہیڈ کانسٹیبلز اور 500 کانسٹیبلز شامل ہیں،نئی آسامیوں کی تخلیق  پولیس کو مستحکم کرنے کی پالیسی اور امن و امان کی بہتری کیلئے کی گئی۔

 اجلاس میں کابینہ نے پشاور، سوات، اور ایبٹ آباد کی طرز پر دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ٹریفک وارڈن نظام متعارف کرانے کی بھی منظوری دی،اس کے علاوہ ٹریفک وارڈن سسٹم کیلئے1,179 پوسٹوں کی تخلیق کی جائے گی،آسامیوں میں سپرنٹنڈنٹ پولیس، ٹریفک آفیسر، سینئر وارڈن، وارڈن، ہیڈ کانسٹیبل، اور جونیئر پیٹرولنگ آفیسر شامل ہیں۔

کابینہ نے کیڈٹ کالج رزمک، کیڈٹ کالج سپینکئی اور کیڈٹ کالج وانا کیلئے319.627 ملین روپے کے اضافی فنڈ کی منظوری دی، کابینہ نے اسلام آباد اور ایبٹ آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤسز اور پشاور میں شاہی مہمان خانہ کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ کی منظوری دی۔کابینہ نے 53 کلومیٹر ‘بورڈ یختنگی-پورن-مارتونگ سڑک اور  18 کلو میٹر کالام-اتروڑ گبرال سڑک کو صوبائی اختیار میں لانے کی بھی منظوری دی۔

یہ بھی پڑھیں: وسیم جونیئررشتہ ازدواج میں منسلک،دلہنیا کیساتھ تصاویر بھی شیئر کر دیں

Leave a Comment