راولپنڈی میں سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات ادا وزیراعظم آرمی چیف کی شرکت

 (24نیوز) ضلع کرم گزشتہ روز میں وطن پر قربان ہونیوالے سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات سینٹ پال چرچ راولپنڈی میں ادا کر دی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر شریک ہوئے جبکہ اعلیٰ سول و فوجی افسران، فوجیوں، شہریوں اور شہید کے لواحقین نے بھی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار، خدمات اور قربانیوں کو سراہا، وزیراعظم ، آرمی چیف نے سپاہی ہارون ولیم، سپاہی انوش روفن اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج ایک مربوط یونٹ ہے، جو ریاست کے دفاع کیلئے کوشاں ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ان شہداء کا اتحاد اور بہادری قوم کی طاقت کی مثال ہے، قوم مادر وطن کی عزت کیلئے ان کی خدمات اور قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی،آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سپاہی ولیم نے مادر وطن کے دفاع میں لازوال قربانی دی، سپاہی ہارون ولیم کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ راولپنڈی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کرم کے علاقے سدہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے 5 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

Leave a Comment