راشد خان کا سیمی فائنل میں شکست کا ملبہ کھلاڑیوں پر ڈالنے سے انکار

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا سے شکست کی وجہ بتادی۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے راشد خان افغان ٹیم کی ایونٹ میں کارکردگی سے مطمئن اور خوش دکھائی دیے۔

راشد خان نے کہا کہ ہم شاید بہتر کرسکتے تھے لیکن حالات نے اجازت نہیں دی جو ہم کرنا چاہتے تھے، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں آپ کو تمام حالات کے بارے میں تیار رہنا پڑتا ہے۔

افغان کپتان نے کہا کہ ہم نے اس ٹورنامنٹ میں اچھی بولنگ کی، ہمارے فاسٹ بولرز کی اچھی کارکردگی کی وجہ سے اسپنرز کا کام آسان ہو گیا۔

راشد خان نے کہا کہ ہمارے لیے آج بہت مشکل دن تھا، ہم بہتر کھیل سکتے تھے، جنوبی افریقا نے بہترین بولنگ کی، یہ ٹورنامنٹ ہمارے لیے بہت اچھا تھا، بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

افغان کپتان کا کہنا تھا کہ مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ میں کچھ کام کرنا باقی ہے، ٹیم پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد بہت زیادہ پُراعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں مزہ آیا، سیمی فائنل کھیلنا اور جنوبی افریقا جیسی بڑی ٹیم سے ہارنا قبول کرتے ہیں، یہ ہمارے لیے صرف شروعات ہے، ہم میں کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کا اعتماد اور یقین ہے۔

واضح رہے کہ آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے بہت ہی آسانی کے ساتھ افغانستان کو شکست دی دی تھی۔

 افغان ٹیم پہلی مرتبہ کسی بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔

Leave a Comment