انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان معین علی نے کہا ہے کہ اگر کھلاڑی کی کوئی نیشنل مصروفیت نہ ہو تو اسے لیگز کھیلنے کی اجازت دینے میں کوئی حرج نہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں نسیم شاہ کی عدم دستیابی پر افسوس ہے، وہ ہماری ٹیم کی ٹاپ پک تھے۔
معین علی نے کہا کہ اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں وہ انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ ہوں گے یا نہیں یہ ابھی کہنا قبل از وقت ہے، لیکن انگلش ٹیم یہ ٹائٹل جیت سکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ایک مختلف فارمیٹ ہے، 50 اوورز کا ایک مختلف ایونٹ ہے، اس پر منحصر ہے کہ ٹیم کس طرح کی جائے گی، کیونکہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کا بھی انتخاب کر سکتے ہیں، اگر ہمیں منتخب کیا گیا تو ہم تیار ہوں گے اگر منتخب نہ ہوئے تب بھی ٹھیک ہے۔
انگلش کرکٹر معین علی نے کہا کہ میں اور عادل دونوں محسوس کرتے ہیں کہ اگر ہم اگلی نسل کو متاثر کر سکتے ہیں تو ہم نے اپنا کام کیا ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم نے کتنے رنز بنائے یا کتنی وکٹیں لیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا ابوبکر کرکٹ کھیلتا ہے، وہ دس سال کا ہے اور اسے کرکٹ کا بہت شوق ہے، ان شاءاللّٰہ ایک دن وہ انگلینڈ کے لیے کھیلے گا۔