پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین چین کے اعلان کے مطابق لاہور کے لبرٹی چوک سے آج لانگ مارچ کا قافلہ روانہ ہو رہا ہے۔
لبرٹی چوک میں پچھلے دو روز سے تحریک انصاف کی مختلف مقامی تنظیموں کی جانب سے ایک درجن کے قریب کیمپ لگائے گئے ہیں۔
تحریک انصاف کے مطابق یہ لانگ مارچ لاہور کے لبرٹی چوک سے جمعے کی صبح 11 بجے شروع ہوگا اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اس لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔
لانگ مارچ کے لیے کنٹینر پہلے ہی لبرٹی چوک میں پہنچایا جا چکا ہے۔ یہ وہی کنٹینر ہے جس پر عمران خان نے 2014 میں اسلام آباد کی طرف مارچ کیا تھا اور اس کے بعد ڈی چوک پہنچ کر دھرنا دیا تھا۔
جمعرات کی شب لبرٹی چوک میں تحریک انصاف کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد اکٹھی ہوئی۔ یہ کارکن موجودہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔
لبرٹی چوک پہنچنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ وہ ہر صورت میں اس لانگ مارچ کے ساتھ اسلام آباد تک جائیں گے۔
اس علاقے سے منتخب صوبائی اسمبلی کے رُکن مراد راس خود لبرٹی چوک میں موجود ہیں۔ وہ لبرٹی چوک سے شروع ہونے والے اس لانگ مارچ کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
چوک میں پہنچائے گئے کنٹینر میں پانچ کرسیاں لگائی گئی ہیں جن پر عمران خان اپنے قریبی ساتھیوں کے ہمراہ بیٹھ کر کسی بھی اجلاس کی صدارت کر سکتے ہیں۔
اس کنٹینر کی چھت پر درجنوں افراد کے کھڑے ہونے کی جگہ بنائی گئی ہے۔ پنجاب پولیس لانگ مارچ کے شرکاء کو سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔
یہ چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا دوسرا لانگ مارچ ہوگا جس کی قیادت وہ خود کرتے ہوئے پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے روانہ ہوں گے۔ اس سے پہلے انہوں نے اگست 2014 میں لاہور سے ہی ایک مارچ کا آغاز کیا تھا جو اسلام آباد پہنچنے کے بعد دھرنے میں تبدیل ہو گیا تھا اور یہ دھرنا 126 دن جاری رہا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے مطابق یہ لانگ مارچ لاہور سے اسلام آباد پہنچ کر ختم ہو گا یا نہیں یہ اس بات پر منحصر ہے حکومت کیا سلوک کرتی ہے۔
تحریک انصاف نے اس مارچ کا اعلان بدھ کو کیا تھا۔ اس کے بعد صوبائی دارالحکومت میں کئی مقامات پر کیمپ لگائے گئے جہاں پر کارکنان کو اس مارچ میں شرکت کے لیے دعوت دی جاتی رہی۔
لاہور میں لگائے گئے ان کیمپوں میں کوئی قابل ذکر تحریک انصاف کے کارکنان دکھائی نہیں دے رہے البتہ لبرٹی چوک میں لگائے گئے مرکزی کیمپ میں تحریک انصاف کے کارکنان موجود ہیں۔
پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت چیمہ کے مطابق ابھی تک لانگ مارچ کا مکمل پلان نہیں بنایا جا سکا آج 12 بجے مکمل پلان سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری، شفقت محمود اور ترجمان مسرت چیمہ ایک پریس کانفرنس میں میڈیا کو آگاہ کریں گے۔