پاکستان کے الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
منگل کو چار رُکنی الیکشن کمیشن نے اِن رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کی توہین کے مقدمے میں جاری کیے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے عدالتی فیصلے کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جانبدارانہ ہے اور اس کے خلاف ہائیکورٹ میں جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے اُن کو جواب دینے کے لیے طلب کیا تھا۔
عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری نے پیش ہونے کے بجائے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی تھیں جن کو الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے تینوں رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 17 جنوری تک پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر تین جنوری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
فیصلے کے مطابق عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانا ہوں گے۔