بنگالی خاتون مداح دوران کنسرٹ عاطف اسلم کے گلے لگ کر رو پڑیں

پاکستانی میوزک انڈسٹری سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کی آواز کا جادو ہر ایک کے سر پر چڑھ کر بولتا ہے، ایسا ہی ایک نظارہ حال ہی میں ڈھاکا میں ہونے والے کنسرٹ میں نظر آیا۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر 19 اپریل کو بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ہونے والے ایک کنسرٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

کنسرٹ کے سلسلے میں ڈھاکا پہنچنے والے راک اسٹار عاطف اسلم کے چاہنے والوں نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا جبکہ ایک مداح اپنے پسندیدہ گلوکار کو دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئی۔

 مداح اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور گلوکار سے ملنے اسٹیج پر پہنچ گئی اور ان سے بغل گیر ہوکر رو پڑی۔

عاطف اسلم اپنی پُرجوش مداح کو پیچھے ہٹاتے رہے لیکن مداح انکاری اور مسلسل گلوکار سے اظہار محبت و تعریف کرتی رہی۔ وائرل ویڈیو میں مداح کو ’آئی لو یو عاطف‘ بھی کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

سیکیورٹی اہلکار مداح کو اسٹیج سے نیچے جانے کا کہتے رہے جبکہ راک اسٹار مداح کو تسلی دیتے رہے، جب مداح کا جوش کچھ کم ہوا تو انہوں نے گلوکار سے مصافحہ کیا اور دست بوسی کے بعد اسٹیج سے نیچے اُترنے پر اکتفا کیا۔

واضح رہے کہ عاطف اسلم کے کنسرٹ میں مداحوں کا یہ رویہ نیا نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی ان کے مداح گلوکار سے اپنے پیار اور محبت کا اظہار مختلف طریقوں سے کرتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی عاطف اسلم کے کنسرٹ سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مداحوں نے اسٹیج پر پیسے پھینک دیے تھے لیکن انہوں نے مداح کو ایسا کرنے سے منع کرتے ہوئے ان پیسوں کو عطیہ کرنے کا کہا۔

Leave a Comment