ایرانی صدر کا آج تاریخی دورہ، اہم معاہدوں اور مفاہمتوں کی یادداشتوں پر دستخط ہونگے، صدر، وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی شیڈول

ایرانی صدر کا آج تاریخی دورہ، اہم معاہدوں اور مفاہمتوں کی یادداشتوں پر دستخط ہونگے، صدر، وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی شیڈول

اسلام آباد(فاروق اقدس ،نیوز ایجنسیاں) ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی آج پاکستان کے تین روزہ تاریخی دورے پر پہنچیں گے، اہم معاہدوں اور مفاہمتوں کی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

 دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کے ساتھ خاتون اول، وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ ایک بڑا تجارتی وفد بھی ہمراہ ہوگا،ابراہیم رئیسی، وزیر اعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ، اسپیکر قومی اسمبلی اسپیکر ایاز صادق سے ملاقاتیں کریں گے، ایرانی صدر لاہور اور کراچی بھی جائیں گے جہاں وزراعلیٰ اور دونوں صوبوں کے گورنرز سے بھی ملاقات ہوگی۔

 کمشنر کراچی نے کل منگل کے روز شہر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

 کراچی میں تمام نجی اور سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے،منگل کو ایرانی صدر کو جامعہ کراچی پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دیگی،جبکہ ان کی اہلیہ خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی کی تحریر کردہ کتاب کی تقریب رونمائی بھی جامعہ کراچی کے زیر اہتمام آئی بی اے سٹی کیمپس میں شام کو ہوگی۔

 ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس پاکستان۔ ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے ، تجارت، رابطے، توانائی، زراعت، اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا وسیع ایجنڈا ہوگا۔

 تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی 22 اپریل (پیر) سے 24 اپریل (بدھ) تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کی قیادتیں علاقائی اور عالمی پیش رفت اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لئے دو طرفہ تعاون پر بھی بات کریں گے۔

ترجمان نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی دوطرفہ تعلقات ہیں، یہ دورہ پاک۔ ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔

کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی ڈویژن میں تمام نجی اور سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

23 اپریل کو اعلی غیر ملکی مہمانوں کی آمد پر کمشنر کراچی ڈویژن نے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

 23 اپریل منگل کو ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی پہنچیں گے۔کراچی میں ایرانی صدر کی وزیراعلی سندھ اور گورنر سندھ سے ملاقاتیں ہوں گی۔

 ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے۔صدر رئیسی(آج) پیر کو وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم کی طرف سے ایرانی مہمانوں کو ظہرانہ دیا جائے گا۔

Leave a Comment