اگر کشیدگی کم کرنی ہے تو بانیٔ پی ٹی آئی اپنا منہ بند رکھیں: خواجہ آصف

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بانیٔ پی ٹی آئی کو مفت مشورہ دیا ہے کہ اگر تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے کشیدگی کم کرنی ہے تو بانیٔ پی ٹی آئی اپنا منہ بند رکھیں۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مجیب الرحمٰن سے متعلق ٹویٹ سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ پی ٹی آئی کو کسی پوسٹ سے پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کشیدگی کو بڑھانا چاہتے ہیں اور دوبارہ 9 مئی جیسی کوشش کر رہے ہیں، یہ سانحۂ مشرقی پاکستان کا حوالہ دے کر کشیدگی بڑھانا چاہتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا ٹیم نے ٹویٹ سے پہلے اجازت نہیں لی تھی، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پی ٹی آئی کو اکاؤنٹ پر پوسٹ سے پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجیب الرحمٰن اور سانحۂ مشرقی پاکستان کی جو تاریخ ہے اس پر میرا الگ مؤقف ہے، سانحۂ مشرقی پاکستان کو آج بڑھاوا دے کر آپ کشیدگی بڑھانا چاہتے ہیں۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا ہے کہ سیاست یا کھیل میں جس نے بانیٔ پی ٹی آئی سے اچھائی کی ان سب کو انہوں نے ڈنک مارا، جنرل باجوہ اور جنرل فیض پر اب یہ سارہ ملبہ ڈال رہے ہیں۔

وزیرِ دفاع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف نے بنی گالہ میں سڑک بنا کر دی لیکن بانیٔ پی ٹی آئی اس سے مکر گئے۔

Leave a Comment