سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ اپنی عزت پر گردن کٹوادوں گا پیچھے نہیں ہٹوں گا، رؤف حسن ججوں کو ٹاؤٹ کہتے ہیں اس پر کوئی نوٹس نہیں، میں نے جو پریس کانفرنس میں کہا اس مؤقف پر کھڑا ہوں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ جو ہماری پگڑی اچھالے گا ہم اس کی پگڑی کا فٹبال بنا دیں گے، مجھے کوئی گالی دے گا جواب میں دو گالیاں دوں گا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ میں نے کسی جج کا نام لے کر بات نہیں کی، عطا تارڑ، مصطفیٰ کمال،طلال چوہدری کو نہیں بلایا مجھے سنگل آؤٹ کرکے بلایا گیا، اگر آپ مجھ پر پراکسی کا الزام لگائیں گے تو ثبوت بھی دینے پڑیں گے، میں نے کسی پر الزام نہیں لگایا، اگر آپ نے میری پگڑی اچھالی ہے تو میں ڈبل اچھالوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غلطی پر کسی سے بھی معافی مانگنی پڑی تو سر عام مانگ لوں گا، مجھے بانی پی ٹی آئی اور پارٹی نے پریشر ککر میں ڈال دیا تھا میں نے کہا معافی نہیں مانگوں گا، پریشر ککر میں تھا لیکن اپنے مؤقف پر کھڑا رہا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ میں شکر ادا کر رہا ہوں کہ سپریم کورٹ جانے کا موقع ملا ہے، میں ایک ایماندار چیف جسٹس کے سامنے پیش ہورہا ہوں، میں نے براہ راست کسی پر الزام نہیں لگایا۔