اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور وزیراعلیٰ جام کمال کے درمیان معاملات حل ہوگئے | پاکستان

0
50


اب بلوچستان اسمبلی اور حکومت کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے، جام کمال ہی بلوچستان کے وزیر اعلیٰ رہیں گے: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی— فوٹو: فائل 

اسلام آباد: اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو اور وزیراعلیٰ جام کمال کے درمیان معاملات حل ہوگئے۔ 

گزشتہ دنوں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آئے اور اسپیکر نے جام کمال، صوبائی وزیر خزانہ اور سینیٹر سرفراز بگٹی کے خلاف صوبائی اسمبلی میں تحاریک استحقاق جمع کرائی تھیں۔

انہیں اختلافات کو ختم کرانے کے لیے اسلام آباد میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو اور دیگر کی ملاقات ہوئی۔ 

ملاقات کے میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی قدوس بزنجو کے درمیان معاملہ حل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کو مل کر حل کریں گے، اب بلوچستان اسمبلی اور حکومت کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم جام کمال کی کارکردگی سے مطمئن ہیں لہٰذا جام کمال ہی بلوچستان کے وزیر اعلیٰ رہیں گے۔

پنجاب اور بلوچستان کے سیاسی مسائل حل کر لیے گئے: وزیردفاع

وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے اتحادیوں کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی بنائی ہے، پنجاب اور بلوچستان کے سیاسی مسائل حل کر لیے گئے ہیں، پارٹی میں ڈسپلن قائم کیا ہے جو ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو اتنے مسائل نہیں ہیں جتنے میڈیا بیان کر رہا ہے۔

سب نے میری بات سنی اور معاملات کے حل کے لیے کمیٹی بنائی: قدوس بزنجو

اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں صوبے کے مسائل وہیں حل ہوں، سب نے میری بات سنی اور معاملات کے حل کے لیے کمیٹی بنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں مضبوط پاکستان کے لیے کام کریں، سب نے مسئلے کو حل کرنے کے لیے خلوص نیت سے کام کیا، بلوچستان عوامی پارٹی پاکستان کو مضبوط کرنا چاہتی ہے۔

خیال رہے کہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور جام کمال کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔ 

عبدالقدوس بزنجو اِس وقت اسپیکر بلوچستان اسمبلی ہیں جبکہ گزشتہ دور حکومت میں وہ مسلم لیگ (ق) کا حصہ تھے اور وہ 13 جنوری 2018 سے 7 جون 2018 تک وزیراعلیٰ بلوچستان رہے ہیں۔





Source link

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here