استحکامِ پاکستان پارٹی کا ’آپریشن عزمِ استحکام‘ کی بھرپور حمایت کا فیصلہ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے ’آپریشن عزمِ استحکام‘ کی بھرپور حمایت کا فیصلہ کر لیا۔

آئی پی پی کے رکنِ اسمبلی شعیب صدیقی نے آپریشن عزمِ استحکام کے حق میں قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔

جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ معیشت کی مضبوطی، خوش حالی اور سرمایہ کاری کے لیے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ تعلیم، صحت، روزگار اور جانی تحفظ کے لیے آپریشن عزمِ استحکام کے ساتھ ہیں۔

آئی پی پی کی قرارداد کے مطابق پاکستان میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔

قرار داد میں آئی پی پی نے کہا ہے کہ ایوان کی رائے ہے کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔

استحکامِ پاکستان پارٹی نے قرارداد میں کہا ہے کہ ایوان کا یقین ہے کہ وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے جان نثار کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ایوان اعادہ کرتا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور یک جان ہے۔

استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی قرارد اد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امید ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں آپریشن عزمِ استحکام کی دل و جان سے حمایت کریں گی۔

Leave a Comment